ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کشمیر: کورونا میں مبتلا 18 سالہ نوجوان کی موت، اموات کی مجموعی تعداد 61 ہوئی

کشمیر: کورونا میں مبتلا 18 سالہ نوجوان کی موت، اموات کی مجموعی تعداد 61 ہوئی

Mon, 15 Jun 2020 19:51:21    S.O. News Service

سری نگر،15؍جون(ایس او نیوز؍یو این آئی) شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ہندوارہ علاقے سے تعلق رکھنے والے کورونا میں مبتلا 18 سالہ نوجوان کی یہاں شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں موت واقع ہونے کے ساتھ جموں وکشمیر میں اب تک اس وائرس سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 61 ہوگئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوارہ سے تعلق رکھنے والا 18 سالہ نوجوان جموں و کشمیر میں اب تک کورونا میں مبتلا ہوکر مرنے والوں میں سب سے کم عمر مریض ہے۔ قبل ازیں وائرس سے مرنے والوں میں کم عمر مریض لولاب علاقے سے تعلق رکھنے والا ایک 27 سالہ نوجوان تھا جس کی قریب دو ہفتے قبل اسی ہسپتال میں موت واقع ہوئی تھی۔

ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ نوجوان کو ہسپتال میں 12 جون کو داخل کیا گیا تھا اس کے سر میں شدید چوٹ لگی تھی اور پیر کی علی الصبح اس کی موت واقع ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ متوفی نمونیا میں بھی مبتلا تھا اور اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت بھی آیا تھا۔

کپوارہ کے نوجوان کی موت کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 61 ہوگئی ہے جن میں سے 54 کا تعلق کشمیر سے تھا جبکہ باقی 7 کا تعلق جموں سے تھا۔

وادی کشمیر میں ضلع سری نگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیادہ 15 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 11 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے جبکہ ضلع کولگام میں آٹھ، اننت ناگ میں چھ، شوپیاں اور کپوارہ میں پانچ پانچ، پلوامہ اور بڈگام میں دو دو اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔


Share: